کاروار:18/ڈسمبر (ایس او نیوز) صفائی ، سادگی اور انسانیت ہماری زندگی کی اساس ہونی چاہئے ، ملک کو مندرسمجھ کرصفائی کی طرف توجہ دیں، اپنی شخصیت کے ساتھ ساتھ اس کے اصول وضوابط ، سوچ وفکر کی بھی ترقی ہونی چاہئے،انسان اپنے باطن میں نظریاتی فکر کو بیدار کرتاہے تب وہ سماجی چہرے کے ساتھ مکمل انسان ہوتا ہے۔ ان باتوں کا اظہار چتردرگہ مرگھا مٹھ کے مورگھ راجیندر سوامی جی نے کیا۔
وہ یہاں کاروار میں میور ورما اسٹیج سے پہرے ویدیکے کی جانب سے سنیچر کی شام منعقدہ ’’ پہرے 100‘‘ نامی صفائی پروگرام کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کررہے تھے۔ سوامی جی نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہاکہ ملک کی آزادی کے لئے جدوجہد کرنے والے گاندھی جی نے آزادی کے بعد پاکیزہ بھارت کا خواب دیکھا تھا۔ دیگر ممالک سے موازنہ کریں تو ہمارے ملک میں صفائی پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی جاتی ہے، زیادہ تر عوام بے توجہی برتتے ہیں، کچھ بیرونی ممالک میں عوام اپنے ملک کو عبادت گاہ سمجھ کر صفائی کا خاص خیال رکھتے ہیں۔ ہمارے ہاں جدھر دیکھو ادھر کوڑا کرکٹ وغیرہ پھینک کر ملک کو فضلات کا گھر سمجھ کر سلوک کرتے ہیں، ایسی ذہنیت کو بدلنے کی ضرورت ہے ، اطراف کا ماحول صاف شفاف رہتاہے تو ذہن بھی پاکیزہ رہتاہے۔ زندگی کی تمام سہولیات ہونے کے باوجود صفائی کے کاج میں مصروف عمل پہرے ویدیکےکا کام قابل ستائش ہے۔ ہمارا گھر، ماحول صاف ستھرا رکھنا ہمار اپنا فرض ہے۔ میری اپنے کمرے کا ٹائیلٹ میں خود صاف کرتاہوں، کمرے میں جھاڑو میں خود لگاتاہوں۔ میرا روحانی سفربھی اسی ضلع سے شروع ہواتھا، صفائی کے لئے ہرایک آگے بڑھتاہے اس پر عمل کرتاہے تو وہی سماجی بہتری کی علامت ہونے کی بات کہی۔ مہمان خصوصی کے طورپر کاروار فاریسٹ آفیسر کے گنپتی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صفائی کے ساتھ ساتھ سماجی صحت کی پاکیزگی کو بحال رکھنا ہمار ا اہم فریضہ ہے۔ اسی طرح ماحول اور جنگلات کو باقی رکھتے ہوئے اس کی افزائش کے لئے کوشش کرنا بھی فرض ہونے کی بات کہی۔ پہرے ویدیکے کے صدر وکیل ناگراج نایک نے افتتاحی کلمات پیش کئے ۔ ڈائس پر سنڈیکیٹ بینک کے علاقائی مینجر راما نائک، سینٹ ملاگریس بینک کے مینجر روزلین جارج فرنانڈیز ، بلدیہ نائب صدر لیلابائی تھانیکر وغیرہ موجود تھے۔ سریش شٹی نے نظامت کی تو میناکشی پاٹل نے پرارتھنا کی۔
اس موقع پر پہرے ویدیکے کی طرف سے اسکول اور کالج طلبا کے لئے منعقد کئے مختلف مقابلہ میں جیتنے والوں کو انعام سے نوازاگیا۔ اسی طرح کاروار تعلقہ میں سب سے زیادہ پاکی صفائی کا خیال رکھنے والے پرائمری اور ہائی اسکولوں کو بھی انعام سے نوازاگیا۔ ٹی بی ہری کانت نے پروگرام کی نگرانی کی۔